clipped from: www.bbc.co.uk   
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو ہلاک


پاکستان واپسی کے بعد سے بینظیر کی سکیورٹی پر مسلسل تشویش تھی

پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ جمعرات کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ان کے انتخابی جلسے پر حملہ کیا گیا۔ راولپنڈی کے جنرل ہسپتال کے باہر پی پی پی کے رہنما بابر اعوان نے بتایا کہ حملے میں بینظیر بھٹو انتقال کرگئی ہیں۔ حملے کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں جنرل ہسپتال لے جایا گیا تھا لیکن انہیں نہیں بچایا جاسکا۔

بینظیر بھٹو کے شوہر آصف زرداری نے کہا ہے کہ وہ دبئ سے پاکستان پہنچ رہے ہیں اور بینظیر کی ہلاکت کی خبر پر اس وقت تک یقین نہیں کرسکتے جب تک وہ خود نہ دیکھ لیں۔



اس حملے میں پی پی پی کی رہنما شیرں رحمان اور ناہید خان بھی زخمی ہوئی ہیں۔ ہسپتال کے باہر بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکن جمع ہیں اور غم و غصے کا ماحول ہے۔ اس حملے میں کم سے کم پندرہ افراد ہلاک اور متعدد ہوئے ہیں۔